اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق افغانستان کی وزارت خارجہ نے جمعرات کے روز کابل میں پاکستان کے سفیر کو طلب کرکے افغانستان کے علاقے میں پاکستانی فوج کی فائرنگ پر شدید احتجاج کیا- افغانستان کے نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے پاکستانی سفیر ابرارحسین کو اپنے ملک کی تشویش اور احتجاج سے آگاہ کیا اور کہا کہ پاکستانی فوج کی توپوں نے گذشتہ چند دنوں میں صوبہ ننگرہار کے ضلع نازیان اور صوبہ کنڑ کے ضلع شیگل و ناری میں ترپن گولے فائر کئے جبکہ ان حملوں میں تین افغان شہری جاں بحق اور دو زخمی ہوئے- افغانستان کے نائب وزیر خارجہ نے ان حملوں کو بین الاقوامی قوانین، اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کے منافی اور افغانستان کی ارضی سالمیت اور قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے انھیں فوری طور پر روکے جانے کا مطالبہ کیا- اس موقع پر پاکستان کے سفیر نے کہا کہ وہ اپنے ملک کے حکام تک افغان حکومت کی تشویش اور احتجاج سے آگاہ کریں گے- واضح رہے کہ گذشتہ دو برسوں کے دوران افغان حکام ڈیورینڈ لائن پر پاکستانی فوج کی جانب سے بارہا گولے داغے جانے کی خبر دیتے رہے ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲